یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

114

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان  یونس خان کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے یونس خان کی تقرری آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے کی گئی ہے،قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہیں ہوگی تو یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس   سنٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سےبھی کام کریں گے،اس سلسلے میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔

یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099  جبکہ 265 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز میں 442 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ دو برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے، اگرچہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لئے ٹیم کے ساتھ  رہے تاہم اس دوران ہمیں  ان کے بارے میں جو فیڈ بیک ملا وہ  شاندار تھا۔

دوسری جانب پی سی بی نے سابق ٹیسٹ اسپنر ارشد خان کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کابولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ ارشد خان نے 9 ٹیسٹ اور  58 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں بالترتیب 32 اور 56 وکٹیں حاصل کیں۔پی سی بی اس سے قبل   ڈیوڈ ہیمپ کوبھی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرچکا ہے۔