شاہ محمودکا او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ‘اہم امور پر گفتگو

52

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے نفرت آمیز، جارحانہ اقدامات کے باعث کشمیر سمیت پورے خطے کے لیے خطرے کی علامت بن چکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،جہاں اسلاموفوبیا، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کو ایک اہم پلیٹ فارم گردانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ بھارت اپنے نفرت آمیز، جارحانہ اقدامات کے باعث کشمیر سمیت پورے خطے کے لیے خطرے کی علامت بن چکا ہے۔ بھارتی حکومت نئے ڈومیسائل قوانین کے اطلاق سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی بیانات قابل ستائش ہیں۔