اسلام آباد(اے پی پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے ’’نیا پاکستان سرٹیفکیٹس‘‘ کے اجرا کی خوشخبری قوم کو سناتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ پروگرام بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے والوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سرٹیفکیٹس پر ڈالرز پر 7 فیصد جبکہ پاکستانی روپے پر 11 فیصد منافع فراہم کیا جائے گا۔ شرعی اصول و قواعد کے مطابق اسلامی سرٹیفکیٹس بھی دستیاب ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ 3 ماہ سے 5 سال کی مدت کے سرٹیفکیٹس دستیاب ہوں گے۔ مقررہ مدت سے قبل بھی سرمایہ نکلوایا جاسکے گا۔ این آر پیز ہوںگی نہ ہی کوئی ٹیکس فائلنگ درکار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صرف خالص منافع پر 10فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس مکمل طورپر ری پیٹریبل ہیں۔ بیرون ملک جمع کرائے گئے سرمائے کے لیے کوئی منظوری درکار نہ ہوگی۔