نئی فائلیں آگئیں، کسی کو نہیں چھوڑوں گا،آنے والا وقت زیادہ سخت ہوگا، وزیراعظم عمران خان

233
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک +نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئی فائلیں آگئیں ، کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، آنے والا وقت زیادہ سخت ہوگا ۔جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی صرف ایک ہی کیس بنایا اور اس میں 2سال لگاکر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے پورا نیٹ ورک پکڑا ہے ، باقی سب کے مقدمات پائپ لائن میں ہیں جس کی بنیاد پر آنے والے وقت میں حیران کن چیزیں سامنے آئیں گی، اس میں پی ٹی آئی کے لوگ بھی شامل ہیں ، سب کا احتساب کیا جائے گا ۔قبل ازیں وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام اقتصادی اشاریے مثبت ہیں، برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا، ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی اور آٹو موبائلز کی فروخت بڑھی ہے، سمندر پار مقیم پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور سب سے زیادہ محب وطن ہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ گزشتہ چار ماہ میں کوئی نیا قرضہ نہیں لیا گیا، موسمی حالات کی وجہ سے گندم کی پیداوار کم ہوئی، آئندہ ملک میں آٹا اور چینی کا بحران پیدا نہیںکرنے دیں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مؤثرمعاشی پالیسیوں سے 17 سال بعد کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہا ہے۔