کشمیریوں کی حمایت جاری رہے گی، آرمی چیف۔ وزیراعظم آزاد کشمیراورفغان سفیر کی ملاقاتیں

51

راولپنڈی(آن لائن،اے پی پی)کشمیریوں کی حمایت جاری رہے گی۔آرمی چیف۔وزیر اعظم آزاد کشمیر اور افغان سفیر کی ملاقاتیں۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے ملاقات کی جس میں کنٹرول لائن اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر سمیت سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاک فوج کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی، پاک فوج کشمیر کاز اور کشمیری عوام کی حمایت میں ان کے شانہ بشانہ ہے ۔علاوہ ازیںبری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول علاقائی سلامتی صورتحال ، افغان امن عمل ، سرحدی انتظام ،دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے امور زیر غور آئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افتخار بابر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے افغان سفیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاک افغان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ان کی خدمات معاون ثابت ہونگی۔ دونوں شخصیات نے دونوں ممالک کے مابین غیرمعمولی بھائی چارے تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں مزید مستحکم بنانے کا عہد کیا۔