اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)گلگت بلتستان میں تیسری قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔انتخابات کا انعقاد 15نومبر کوہوگا، انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے ۔گلوبل الیکشن آبزرورزنیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق 24حلقوں میں سے ایک میں امیدوار کے انتقال کی وجہ سے اب 23حلقوں میں پولنگ ہوگی۔مجموعی طور ر330امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں اکثریت کا تعلق 14سیاسی جماعتوں سے ہے جن میں تحریک انصاف،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن ) بھی شامل ہیں۔ان انتخابات کا انعقاد شیڈول کے مطابق18اگست کو ہونا تھا مگرکورونا وائرس کی وباء کے باعث ملتوی کردیا گیا۔علاوہ ازیںچیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نیجمعرات کو گلگت میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیا سی جماعتوں کی جانب سے قبل ازوقت انتخابات میں دھاندلی کے الزامات تشویشناک امر ہے ، سیا سی جماعتوں کے سربراہان کی جانب سے ایسا رویہ علاقے کے مفاد میں نہیں ہے، الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے تاریخ میں پہلی بار انتخابات کو آزادانہ ، منصفانہ ، غیر جانبدارانہ اور پر امن انعقاد کرانے کے لیے 4 مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں تمام سیا سی، مذہبی جماعتوں کے قائدین نے مفید مشوروں اور آراء سے نوازا اور الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے آمدہ انتخابات 2020 ء کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات اور کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا اور اطمینان کا اظہار بھی کیا۔