انور مجید ودیگر ملزمان کیخلاف ایک بار پھر فرد جرم عاید نہ ہوسکی

84

اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کے جج اصغر علی خان نے خواجہ انور مجید اور دیگر ملزمان کے خلاف گنے کی سبسڈی میں خردبرد سے متعلق ریفرنس پر سماعت کی۔ ملزم انور مجید عدالت کے روبرو پیش ہوئے، ملزمان پر ایک بار پھر فرد جرم عاید نہ ہوسکی۔ عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر اپنی پیش رفت رپورٹ سے عدالت کو آگاہ کرے، عدالت نے ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ کیس کی سماعت2 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔علاووہ ازیں احتساب عدالت کے جج نے اومنی گروپ کے خلاف جعلی کاشتکاروں کے ذریعے گنے کی سبسڈی میں خردبرد کیس میں اومنی گروپ کی مناہل مجید، علی کمال، نمر مجید، صائمہ علی میں اشتہاری قرار دیتے ہوئے عدالت کا چاروں ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک جبکہ جائداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔ نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید، تفتیشی افسر وقار احمد عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب تفتیشی نے اشتہاری قرار دینے سے متعلق عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا ان ملزمان کی پاکستان میں موجودگی کا معلوم نہیں ہو سکا؟، جس پر نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 2 ملزمان پاکستان 2 بیرون ملک روپوش ہیں۔ کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔