آئین کی بالادستی نہ ہونے سے عوام کو حق نہیں مل رہا، سپریم کورٹ بار

51

سکھر (آن لائن) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل رانا احمد شہزاد نے کہا ہے کہملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے جمہوریت اور لوگوں کے حقوق جو آئین دیتا ہے وہ نہیں مل رہے ہیں، کوشش ہے کہملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہو، آئین اور اس قانون کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جو غلط بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائیکورٹ بار سکھر میں وکلا برادری اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ سے کہتے ہیں کہ ایسے کیسز جلد سنے جائیں جس میں لوگ جیلوں میں پڑے ہیں، پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ 14 ماہ سے جیل میں ہیں، نیب کا قانون کہتا ہے کہ ریفرنس 3 ماہ میں دائر کیا جائے اور فیصلہ سنایا جائے، پی پی رہنما سید خورشید شاہ کو ضمانت نہی دی جا رہی ہے، ان کی ضمانت کی درخواست بینچ میں فکس نہی ہو رہی ہے۔ سپریم کورٹ بار مطالبہ کرتی ہے کہ خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس دائر کرکے ان کی ضمانت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر کی جائے۔