پندرہ نومبر کو گلگت میں جیت کا جشن منائیں گے، بلاول

90

گلگت(خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے لیے کارکنوں کی مہم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی محنت سے وفاقی وزرا اور پاکستان کی قومی جماعتوں کے رہنما بھی یہاں آئے۔گلگت میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ آپ نے تاریخی مہم چلائی اور گلگت بلتستان کے مسائل کو دنیا تک پہنچایا اور پاکستان کی قومی قیادت کو یہاں آنے پر مجبور کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا اور دوسری جماعتیں بھی یہاں آرہی ہیں تو یہ آپ کی کامیابی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان آپ سے ووٹ اور ساتھ مانگنے کے لیے پھر رہا ہے جو میرے جیالوں کی جیت ہے اور اسی محنت کو جاری رکھنا ہے، 15 نومبر ہمارے امتحان کا دن ہے۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کا آخری جلسہ 13 نومبر کو ہوگا اور 15 تاریخ کو فیصلہ ہوگا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت ملتی ہے یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 15 تاریخ کو فیصلہ ہوگا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حق ملکیت، نوجوانوں کو حق روزگار ملتا ہے یا نہیں اور یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ا س الیکشن کے بعد سب کہنا شروع کردیں گے جو گلگت بلتستان میں حکومت بناتے ہیں وہ پاکستان میں حکومت بناتے ہیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کو نظر آرہا ہے کہ آپ جیت رہے ہیں لیکن سازشی عناصر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ آپ بھی اپنی محنت جاری رکھیں اور ہمیں جتوائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر گلگت بلتستان کے مسائل حل کریں گے، 13 نومبر کو جلسہ ہوگا اور 15 نومبر کو جیت کا جشن منائیں گے۔خیال رہے کہ بلاول زرداری پی پی پی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ ماہ ہی گلگت بلتستان پہنچے تھے اور 15 نومبر کو انتخابات کے بعد واپس آئیں گے۔بلاول زرداری نے اپنی تقاریر میں کہا کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن پورا کریں گے۔