سندھ اور پختونخوا ارکان اسمبلی کے اثاثوںکی تفصیل جاری

65

کراچی/پشاور(آن لائن/صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے اراکین سندھ اسمبلی اور پختونخواسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ 23 کروڑ 35 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس ڈیڑھ کروڑ مالیت کی 2 گاڑیاں ہیں، 100 تولہ سونا تحفہ ملا، ان کی بیٹی کے نام 3 کروڑ کے 2 پلاٹ ہیں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی 10 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 6 کروڑ 16 لاکھ روپے نقد موجود ہیں ، 15 لاکھ روپے کا اسلحہ ہے۔ رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور 39 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، ان کے پاس 980 گرام کے زیورات اور کروڑ روپے سے زاید مالیت کی 3 گاڑیاں ہیں۔ سعید غنی کے 2 کروڑ 31 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں، ان کے پاس 100 تولہ سونا بھی ہے۔ ناصرحسین شاہ کے 13 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں، ان کے پاس 477 تولے سونا ہے۔ سہیل انور سیال کے 9 کروڑ 28 لاکھ اثاثے ہیں۔ فردوس شمیم نقوی 33 کروڑ 40 لاکھ اور حلیم عادل شیخ 2 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان 2ارب 86کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں، لیاقت خان 18کروڑ روپے اور ابراہیم خٹک 2کروڑ 55 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی 5 کروڑ اور شوکت یوسفزئی 55لاکھ مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔صوبائی وزیر اکبر ایوب 23کروڑ روپے ،شہرام ترکئی 46 لاکھ روپے ، عاطف خان 2 کروڑ ، ثمر ہارون بلور 4کروڑ 56لاکھ ،اپوزیشن لیڈر اکرم درانی 77لاکھ ، مولانا لطف الرحمن 5کروڑ 27لاکھ اورنگہت اورکزئی ایک کروڑ اور پی نعیمہ کشور 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔