یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

123

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق کپتان یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ۔ یونس خان کی تقرری کم از کم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2022 تک کے لیے کی گئی ہے۔اکتوبر/ نومبر 2022 میں آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو کھیلاجائے گا ۔ جمعرات کو پی سی بی کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میںبھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کی تھیں ۔سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈمیں بھی یہی کردار نبھائیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔جب قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہیں ہوگی تو یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے ۔ اس سلسلے میںنیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جبکہ 265 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز میں442 رنز اسکور کئے ۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں ۔ ان کا بہترین اسکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313رنزتھا۔یونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے،ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ2سال تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے، اگرچہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لئے ٹیم کے ساتھ رہے تاہم اس دوران ہمیں ان کے بارے میںجو فیڈ بیک ملا وہ شاندار تھا ۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ان کے کام کرنے کے اصول ،عزائم اور کھیل کے بارے میں علم کسی سے کم نہیں، پر امید ہوں کہ ان کی تقرری سے باصلاحیت بلے بازوں کو بہت فائد ہ ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ پی سی بی اپنی اس حکمت عملی پر کاربند ہے جس کے تحت نامور کرکٹرز اور کوالیفائیڈ کوچز کی ملک کے بڑے سینٹرز پر تقرری ہوگی لہذاہم اس وقت بھی یونس خان کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے کہ جب قومی کرکٹ ٹیم کیساتھ ان کی کوئی مصروفیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح محمد یوسف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعینات ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ پی سی بی کے پاس اب2 بہترین بیٹسیمنوں کی خدمات موجود ہیں، جو ہمارے بیٹسمینوںکے مستقبل کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔یونس خان نے کہا ہے کہ وہ ایک طویل مدت کے لیے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہیں، دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب نیوزی لینڈ کے اہم دورے پر انہی لوگوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے منتظر ہیں اور خوش ہیں کہ ان کے کام کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک سطح پر کام کرنے میںبھی دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ بلے بازوں کی صلاحیتوں میں نکھار لایا جاسکے۔مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ایک منظم اور جامع عمل سے گزرنے کے بعدہی کامیابی حاصل کی جاتی ہے تاہم چند مقامات پر بہتری کےآثار بہت جلد نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں، لہذا ہمیں مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بہت محنت اور تحمل کی ضرورت ہے۔