کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے پلے آف میچز کے لیے تیاریاں کسی حد تک مکمل کر لی گئیںاور ایونٹ کی4 بہترین ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کی جنگ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ایونٹ کے پلے آف میچز کل سے دوبارہ منعقد ہوں گے،کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔کورونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل کے پلے آف میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔پاکستان سپر لیگ سے سابق چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں باہر ہو چکی ہیں اور اب ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں چیمپیئن بننے کے لیے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔ ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ تمام ایونٹس میں ناکامیوں سے دوچار رہنے والی لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی فرنچائز عمدہ کھیل کی بدولت پہلے آف میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، پاکستان سپرلیگ کے 5ویں ایڈیشن کے پلے آف میچز کے لیے فرنچائزڈ ٹیموں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پلے آف تیاری جاری ہیں۔چاروں فرنچائزوں نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور معین خان اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کے آغاز کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلنے شروع کردیے۔پلے آف مرحلے میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ چکے جہاں ان میچز میں 21 غیرملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔چاروں ٹیمیں علیحدہ علیحدہ پریکٹس سیشنز میں حصہ لے رہی ہیں تاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ طے شدہ قوانین پر بھی عملدرآمد کیا جا سکے۔ٹیموں کی حفاظت اور میچوں کے پرامن انعقاد کے لیے اسٹیڈیم اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور چاروں فرنچائزوں کے اسکواڈ کو سخت سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے جبکہ پریکٹس کے لیے بھی تمام ٹیموں کو سخت سیکورٹی دی گئی ہے۔کراچی کنگز کا کہنا ہے کہ انہیں قومی ٹیم میں شامل تمام کرکٹرز دستیاب ہیں ایلکس ہیلز،چیڈرک ولٹن اور کیمرون ڈیلپورٹ سمیت دیگر کھلاڑی اسکواڈ کو جوائن کر چکے ہیں۔ملتان سلطان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پریکٹس کا آغاز کردیا ہے اور ان کے غیرملکی کھلاڑی وتا فوقتا پاکستان آ رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کے غیرملکی کھلاڑی روی بوپارا، رائلی روسو، ایڈم لائٹ آچکے ہیں جبکہ عمران طاہر بھی ایک دن قبل ہی یہاں پہنچے ہیں اور وہ قرنطینہ پورا کررہے ہیں۔ملتان سلطانز کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 کا شکار ان کے2 غیر ملکی کرکٹر محمود اللہ اور جیمزوینس کی جگہ بریڈن ٹیلر اور جوبلینگز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور یہ کھلاڑی پاکستان پہنچ کر قرنطینہ مکمل کر رہے ہیں۔لاہور قلندرز کے سمین رانا نے بتایا کہ ان کے تمام غیرملکی کھلاڑی آچکے ہیں جن میں سے بین ڈنک قرنطینہ میں ہیں اور ان کا قرنطینہ کا وقت مکمل نہیں ہوا ہے جبکہ دیگر تمام غیرملکی کرکٹرز نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی ہے اور تمام کرکٹرز اچھا پرفارم کررہے ہیں۔ کل کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔15 نومبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کا پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا جبکہ لیگ کا فائنل 17 نومبر کو منعقد ہو گا۔لیگ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔