غیرملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئندہے،وہاب ریاض

67

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ5 کی فرنچائزڈ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ فارم میں واپس آنے پر خوش ہوں اور آئندہ میچوں میں اس پرفارمنس کو جاری رکھنے کی کوشش کروں گا، غیرملکی کرکٹرز کا پلے آف میچز کھیلنے کے لئے واپس پاکستان آنا بہت خوش آئند ہے اور اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ غیرملکی کرکٹرز پاکستان سپر لیگ کو پسند کرتے ہیں۔انہوں نے جمعرات کو پری میچ ورچوئل میڈیا کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وبائی بیماری کی وجہ سے پی ایس ایل میچز ملتوی ہوئے جس کی وجہ سے مومینٹم میں بہت فرق پڑا ہے اور یہ تمام ٹیموں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیم میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اس ٹیم کو بہت فائدہ حاص ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے ایلی مینیٹرز میچ میں جیت کر فائنل کے لئے کولیفائی کریں اور فائنل بھی جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے تمام ملکی کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے میں مصروف تھے جبکہ کئی غیرملکی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے میں مصروف تھے، اسلئے تقریباً تمام کرکٹرز پریکٹس میں ہیںجس سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ڈرین سیمی کی عدم دستیابی کو محسوس ضرور کریں گے کیوبنکہ وہ بہت تجربہ کار کرکٹر ہیں اور پشاور زلمی کے لئے ان کی خدمات بہت ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پشاور زلمی کے پاس ایک ایلی مینیٹر میچ ہے اور وہ اس میں کامیابی حاصل کرکے فائنل کی جانب گامزن ہونے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے تمام کرکٹرز بائیوببل کا حصہ بن چکے ہیں اور جہاں تک شائیقین کرکٹ کی بات ہے تو ظاہر ان کی کمی ضرور محسوس ہوتی ہے کیونکہ ان کی وجہ سے اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی جلد فٹ ہوجائیں گے اور ہماری دعا بھی یہی ہے کہ حسن علی کرکٹ کھیلنے کے لئے جلد فٹ ہوجائیں کیونکہ پشاور زلمی کو ان کی ضرورت ہے۔