عمران خان کا سحر ٹوٹ گیا، اگلا مرحلہ گالیاں دینے کا ہوگا

108

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکومت کے خلاف جاری تحریک کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق لیاقت باغ راولپنڈی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔تاریخ کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں زونل اُمرا اور سیکرٹریز کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں تنظیمی ٗ دعوتی ٗ تربیتی اور سیاسی امور زیر بحث آئے۔جبکہ زونل اُمرا نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ عمران خان کا سحر ٹوٹ گیا ہے۔ اگلا مرحلہ گالیاں دینے کا ہوگا۔ عوام ماضی میں باری باری حکومتوں کے مزے لینے والوں سے بھی مایوس ہیں ۔ جماعت اسلامی کے لیے کام کرنے اور عوام سے رابطوںکے لیے مواقع ہیں۔ کارکنا ن گلی محلے میں عوام سے قریبی رابطے رکھیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ذمے داران کو ہدایت کہ ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشن کی سطح تک تنظیم قائم کریں ۔یونین کونسلوں اور وارڈز کی سطح پر دعوتی کیمپ لگاکر گھر گھر جماعت اسلامی کی دعوت پہنچائیں۔ عوام کے دکھ درد میں شریک ہوں اور ان کے مسائل حل کروانے میں دلچسپی لیں اور مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کو مزیدمؤثر و مستحکم بنانے اور دعوتی و تربیتی امور کے جائزے کے سلسلے میں راولپنڈی ضلع میں قومی اسمبلی کے حلقوں کی بنیاد پر اجتماعات ارکان کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان اجتماعات کا شیڈول زونل ٗیوسی اور مقامی تنظیموں کو جاری کر دیا گیا ہے۔