سردیوں میں جلد کے مسائل، خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے

288

سردی کے موسم میں جہاں نزلہ، زکام، کھانسی، بخار، انفیکشن اور دیگر بیماریوں کا حملہ ہوتا ہے تو وہیں ہماری جلد بھی خشکی اور مختلف مسائل کا شکار ہو جاتی ہے جبکہ بہت سے ایسے بھی مسائل ہیں جو اس موسم میں شدت پکڑ لیتے ہیں مثلاً جلد کا پھٹنا اور خشکی وغیرہ۔

ماہرین کے مطابق  سردی کے موسم میں خصوصی احتیاط اور ان کا بروقت علاج کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ آپ کی جلد بے رونق اور روکھی سی ہو جاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ہماری جلد کو نرم وملائم اور خوبصورت رہنے کے لیے مناسب نمی کی ضرورت ہوتی ہے اور  اگر کسی وجہ سے نمی کی مناسب مقدار جلد کو میسر نہ ہو تو اس کی ساخت خشک ہو جاتی ہے جبکہ  بعض مرد اور خواتین کی جلد قدرتی طور پر خشک ہوتی ہے جو کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق جلد کو خشک اور کھردرا بنانے میں زیادہ تر موسمی اثرات، غیر مناسب احتیاط، سستے لوشن یا صابن کا استعمال، جسم میں پانی اور وٹامنز کی کمی اور غیر مناسب خوراک وغیرہ وجہ بنتے ہیں اور اگر خشک جلد کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو وقت کے ساتھ ساتھ جلد کھردری اور جھریوں کا شکار ہو جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جلد کو خشک اور کھردرا ہوجانے  سے بچانے کے لیے سب سے پہلے اپنی خوراک کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ اندرونی طور پر جلد میں نمی پیدا ہو اورایسی غذائوں کا استعمال کریں جو جلد کو تازگی فراہم کرتی ہیں اور اس کے بعد جلد کی بیرونی حفاظت کی باری آتی ہے۔

جلد کی بیرونی حفاظت کے حوالے سے چند فیس ماسک کے بارے میں آپ کو بتا رہے ہیں جن کا استعمال کر کے آپ خاص طور پر سرد موسم میں نہ صرف جلد کی تازگی برقرا ر رکھ سکتے ہیں بلکہ خوبصورت بھی نظر آ سکتے ہیں۔

ماہرین  کے مطابق سردیوں میں سب سے سستا اور خشک جلد کے لیے بہترین کیلے کا ماسک ہے اور یہ ماسک جلد کو قدرتی نمی اور موئسچرائزر فراہم کرتا ہے اور یہ ماسک چہرے پر لگانے سے پہلے منہ اچھی طرح دھو کر خشک کر لیں جبکہ ماسک بنانے کا طریقہ کچھ یوں ہےکہ مسلا ہوا کیلا، پائوڈر کا دودھ او ر ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر پیسٹ تیار کر لیں  پھر  چہرے اور پوری گردن پر لگائیں،  اس کے بعد ململ کے باریک کپڑے سے چہرے کو ڈھانپ لیں اور  پندرہ منٹ کے بعد چہرہ اور گردن دھو لیں۔

 خشک جلد کے لیے ایک اور بہترین ماسک پھینٹا ہوا دہی اور شہد ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے اور دونوں اجزاء کو شامل کر کے کیلے کے ماسک کی طرح ہی چہرے پر لگائیں اور پندرہ سے بیس منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں جبکہ  دہی کا ماسک جلد میں نمی پیدا کرتا ہے ساتھ ہی رنگت بھی نکھارتا ہے۔

ماہرین کے مطابق  چکنی جلد والی خواتین کو چاہیے کہ سردیوں میں جلد کو خوبصورت بنانے کے لیے انڈے کی سفیدی اور لیموں کا ماسک لگائیں اور انڈے کی سفیدی میں چند قطرے لیموں شامل کر کے اتنا پھینٹیں کہ جھاگ بن جائے اور اسے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے لیے چھوڑ دیں اور خشک ہونے کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں جبکہ  نارمل جلد کے لیے ایک حصہ خشک پائوڈر دودھ او ر ایک حصہ کچی ملتانی مٹی لے کر اس میں زیتون کا تیل ملا لیں اور پیسٹ بنا کر چہرے اور گردن پر لگائیں اور15 منٹ کے بعد صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔

دوسری جانب ملتانی مٹی کے بہت سے فائدے ہیں اور اس کو چہرے پرلگانے سے آپ کی جلد صحت مند اورصاف رہتی ہے اور یہ مٹی جلد سے داغ دھبے اور مہاسے صاف کردیتی ہےاور  اسے لگانے سے آپ کاچہرہ صاف ستھرااور چمک دار ہوجاتا ہے جبکہ ملتانی مٹی کو عرق گلاب، گھیگوار، دہی یا پھر دودھ میں ملا کر استعمال کیا جائے تو اس کے نتائج زیادہ بہتر ہوجاتے ہیں۔