ماضی میں وفاق کی عدم توجہ سے بلوچستان پیچھے رہ گیا، وزیراعظم

118
وزیراعظم عمران خان تربت یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کررہے ہیں

تربت(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ماضی میں وفاقی حکومتوں کی عدم توجہ سے بلوچستان پیچھے رہ گیا۔ان کے بقول بدقسمتی سے بلوچستان کے سیاستدانوں نے بھی عوام کا نہیں سوچابلکہ وہ بھی صرف اپنا ہی سوچتے رہے۔ تربیت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تربت کے عوام پاکستان کا مستقبل ہیں، وفاقی کی مضبوطی کے لیے تمام اکائیوں کی یکساں ترقی ضروری ہے، بلوچستان پر سب سے زیادہ فنڈنگ کر رہے ہیں اور ہم بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے کیوں کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ انسانوں پر سرمایہ کاری کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، کامیابی کے حصول کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، برے وقت اور ناکامی کا سامنا کرنا اور سیکھنا چاہیے، انسان جب تک ہار نہیں مانتا اور ہر مشکل سے سیکھتا ہے، انسان کچھ بھی کرسکتا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کسی معاشرے نے ترقی نہیں کی، علم انسان کو دیگرمخلوقات سے منفرد بناتا ہے، جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں وہاں تعلیم بھی کم ہے، اب ٹیکنالوجی کے ذریعے دوردراز علاقوں میں بھی تعلیم حاصل کی جاسکتی ہے، کورونا کے دنوں میں ورچوئل تعلیم کا آغاز ہوا۔انہوںنے کہا کہ کئی سو سال تک دنیا کے بڑے سائنسدان مسلمان رہے، اللہ نے انسان کو طاقت دی ہے کہ وہ ہر خواب پورا کرسکتا ہے، طلبہ کی تعلیم کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے، طلبہ میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے، پنجاب حکومت نے بلوچستان کے لیے تعلیمی اسکالرشپس بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور 185 سے بڑھا کر 360 کررہے ہیں، پنجاب حکومت بلوچستان میں اسپتال بھی بنا رہی ہے۔ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان میں سیاسی لوگوں نے ملک سے زیادہ اپنے آپ کو فائدہ پہنچایا،سابق وزرائے اعظم نے بلوچستان کے بجائے لندن کے زیادہ دورے کیے، ایک صدر نے بلوچستان سے زیادہ دبئی کے دورے کیے۔