کراچی میزبانی کیلیے تیار، پی ایس ایل میچز آج سے شروع

67

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ5 ویں ایڈیشن کے بقیہ 4 میچز کے لیے میدان تیار ہوگیا۔ ایونٹ کے پلے آف مرحلے کا آغاز آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ سہ پہر ساڑھے 3 بجے پوائنٹس ٹیبل کی2 ٹاپ ٹیمیں، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز ایونٹ کے پہلے کوالیفائر میں آج مدمقابل آئیں گی۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث تعطل کا شکار ایونٹ کے بقیہ میچوں کا انعقاد8 ماہ بعد ہو رہا ہے۔ ہفتے کو شیڈول دوسرے میچ میں شام ساڑھے 7بجے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایلیمنٹر ون میں مدمقابل آئیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 17نومبر کو کھیلا جائے گا‘ ایونٹ کی4 بہترین ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کی جنگ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا۔ ایونٹ کے پلے آف میچز آج سے دوبارہ منعقد ہوں گے‘ لیگ کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ کو2 لاکھ امریکی ڈالرز ملیں گے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں چیمپئن بننے کے لیے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔ ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ تمام ایونٹس میں ناکامیوں سے دوچار رہنے والی لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی فرنچائز عمدہ کھیل کی بدولت پلے آف میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے‘21 غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ چکے ہیں۔ ٹیموں کی حفاظت اور میچوں کے پرامن انعقاد کے لیے اسٹیڈیم اور اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور چاروں فرنچائزوں کے اسکواڈ کو سخت سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پریکٹس کے لیے بھی تمام ٹیموں کو سخت سیکورٹی دی گئی۔ ایونٹ کے بقیہ میچوں میں شریک4 ٹیموں کے حتمی اسکواڈز کا اعلان ہوچکا۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہت پرجوش اور ان بقیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ کراچی کنگز کا اسکواڈ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین حریف بولرزکے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ بقیہ میچز کے انعقاد سے ہمیں ایک مرتبہ پھر ٹائٹل جیتنے کا موقع مل رہا ہے۔