اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بچوں نے 32 کمپنیاں بنا کر اربوں روپے باہر منتقل کیے ، این آر او اور کرپشن کیسز پر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، ہمارا مستقبل سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کووڈ۔19 سے متعلق100 ملین ڈالرز کی اشیا برآمد کر رہا ہے،ہم نے کم عرصے میں 2 نئی صنعتیں قائم کی ہیں، عمران خان ہی گلگت بلتستان کو صوبہ بنائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں وینٹی لیٹر کی تیاری میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ آج پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی مینوفیکچرنگ شروع ہو چکی ہے، اس وقت ہم کورونا سے متعلق100 ملین ڈالر کی مصنوعات ایکسپورٹ کر رہے ہیں،2 نئی انڈسٹریز قائم کی ہیں، ایک میڈیکل سازو سامان کی انڈسٹری بنا چکے ہیںاور دیگر منصوبوں سے ہمیں 3 سے 4 ارب ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی۔