زرداری کیخلاف ریفرنس کراچی منتقلی کی درخواستیں مسترد

31

اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار آفس نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نیب ریفرنس کراچی منتقل کرنے کی درخواستوں پر اعتراضات اٹھا تے ہوئے درخواستیں واپس کردیں۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے آصف زرداری کی درخواستوں پر4 اعتراض عاید کر دیے، جن میں کہا گیا کہ سابق صدر کے ریفرنس کراچی منتقل کرنے کی درخواستیں قابل سماعت نہیں، نیب اس معاملے پر عدالت عظمیٰ کے حکم کے تحت ریفرنس فائل کر چکا ہے۔ آصف زرداری کے ریفرنس اسلام آباد سے کراچی منتقل کرنے کی درخواستیں پہلے بھی مسترد کی جا چکی ہیں۔ عدالت عظمیٰ رولز کے تحت دوبارہ نظرثانی درخواست دائر نہیں کی جا سکتی، سابق صدر نے توشہ خانہ ریفرنس اسلام آباد سے کراچی منتقل کرنے کی استدعا کرتے ہو ئے موقف اپنایا تھا کہ ریفرنس سے متعلق گواہان، ریکارڈ سب سندھ میں ہیں، اس لیے ان ریفرنسز کو کراچی منتقل کیا جائے۔