گوجرانوالہ(آن لائن ) سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کے والد اور محکمہ ہائی وے کے 4 افسران کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔مقدمہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی درخواست پر درج کیا گیا ہے جس میں ایس ڈی او گجرانوالہ محکمہ ہائی وے، اور3 ریکارڈ کیپرز بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔ ڈی سی کی طرف سے اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والے ریفرنس میں کہا گیا کہ سرکاری زمین جس پر دستگیر اینڈ برادرز نے غیر قانونی قبضہ کرکے سالہا سال پیٹرول پمپ چلایا اس کی موجودہ مالیت ایک ارب روپے ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری خزانے کو لیز کے کرایے کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر ملزمان کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے ڈی جی اینٹی کرپشن کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔