ادارے پیچھے ہٹ جائیں تو نیازی حکومت24گھنٹے کی مار ہے، مریم نواز

105

سوات( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اداروں کو کہتی ہوں عمران خان کے پیچھے سے ہٹ جاؤ، ہم اداروں سے نہیں ٹکرانا چاہتے ، اداروں کو بھی چاہیے عوام سے نہ ٹکرائیں،پاکستان کی تمام بیماریوں کا ایک ہی علاج ہے، ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن کروائے جائیں، نوازشریف کابیانیہ، دو تقریروں نے تمہیں تباہ کردیا ہے۔انہوں نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس وقار سیٹھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اس بہاد ر جج نے مشرف جیسے شخص کوغداری کیس میں سزا سنائی، ایسے جج تاریخ میں زندہ رہیں گے، ہم ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سروں پر ایسا نالائق اور سلیکٹڈ شخص مسلط ہے، جس کو احساس تک نہیں کہ ان کے کندھوں پر 22کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے۔آج جب پاکستان میں دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے تو وزیرداخلہ دھمکیاں دیتا ہے ، شہیدوں میں بلورخاندان بھی شامل ہے، الفاظ سے دہشتگردی کرنے والے وزیرداخلہ کو شرم آنی چاہیے۔دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہو؟ سات سال سے کے پی میں نااہل حکومت مسلط ہے، کیا کے پی میں کوئی تبدیلی آئی ؟ ایک بھی نیا ہسپتال بنا؟ کیا نیا سکول، کالج، یونیورسٹی بنی؟ جب کے پی میں احتساب شروع ہوا تو احتساب کمیشن کو تالا لگا دیا گیا، احتساب کا سامنا کرنے کیلیے نوازشریف جیسا جگر چاہیے۔بلین ٹری کہیں نظر آرہے ہیں؟ آڈیٹر جنرل نے لکھا کہ درختوں اور پودوں میں اربوں روپے کھا گئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور جعلی حکومت کو گھر بھیجا جائے، ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن کرواؤ، عوام کو ان کا مینڈیٹ واپس کرو۔میں اداروں کو کہتی ہوں عمران خان کے پیچھے سے ہٹ جاؤ، ہم اداروں سے نہیں ٹکرانا چاہتے ، اداروں کو چاہیے عوام سے نہ ٹکرائیں،یقین دلاتی ہوں جب ادارے عمران خان کے پیچھے سے ہٹ جائیں گے تو جعلی حکومت 24گھنٹے کی مار نہیں ہے۔ سلیکٹڈ عمرا ن خان کا کردار خواہ مخواہ کا کردار ہے، جب کراچی میرے کمرے کا دروازہ توڑا گیا، صفدر کو گرفتار کیا گیا تو اس کو کسی نے بتانا بھی گوارہ نہیں کیا، اگر اس کی جگہ میں ہوتی تو میں استعفا منہ پر مارتی، کیونکہ میرے والد نے مجھے سکھایا ہے، اس رزق سے موت اچھی جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی، میر ادل کہتا ہے کہ اس بار خیبرپختونخواکے لوگ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔