پی ایس ایل میچز کی پروڈکشن ایچ ڈی کوائلٹی میں ہوگی

91

کراچی (اے پی پی) کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب 8 ماہ کے تعطل کے بعد پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ میچز آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوں گے۔ جمعہ کو جاری ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق بند دروازوں میں کھیلے جانے والے یہ چاروں میچز پاکستان کے ناظرین کے لیے پی ٹی وی اسپورٹس اور جیو سوپر پر براہ راست نشر ہوں گے۔ ایونٹ کے ابتدائی مرحلے کی طرح ان باقی ماندہ میچز کی پراڈکشن بھی ایچ ڈی کوائلٹی میں کی جائے گی۔ اس دوران ہاک آئی اور ڈی آرایس کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ایونٹ کے پلے آف میچز میں اسپائیڈر کیم، آلٹراموشن اورسپر سلو موشن کیمراز کے علاوہ فینز کی سہولت کے لیے کرک وز کی جانب سے ڈیٹا ان پٹ بھی جاری رہے گی۔دیگر ممالک میں یوکے میں ہم مصالحہ، اسکائے نیوزی لینڈ اور یورواسپورٹس انڈیا کی براڈکاسٹ بیم دستیا ب ہوگی۔ اس دوران دنیا کے معروف کمنٹیٹرز گرائونڈ پرہونے والے ایکشن پر تبصرے اور تجزیے کے لیے کمنٹری باکس میں موجود ہوں گے۔ ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں شریک 3 غیرملکی کمنٹیٹرز،جنوبی افریقاکے جونٹی روڈز، انگلینڈ کے ڈومینک کارک اور مارک باچر کے علاوہ پاکستان کے معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ اور بازید خان لیگ کے بقیہ میچز پر تبصرہ کریں گے۔ لیجنڈری فاسٹ بولر وقاریونس، معروف اردو کمنٹیٹر طارق سعید بھی ان 4 میچز کے لیے بنائے گئے براڈکاسٹ پینل کا حصہ ہیں۔