لاہور ہاکی لیگ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا،آصف باجوہ

111

لاہور(جسارت نیوز) اسپورٹس بورڈ پنجاب نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کیساتھ مل کر ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے پہلی لاہور ہاکی لیگ 2020ء کرانے کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ، ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان،ڈائریکٹر اسپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر پاکستان کوچنگ سینٹر رانا نصراللہ اور ا سپورٹس کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک شریک تھے، ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہاکی لیگ 2020ء پی ایس ایل کی طرح یادگار ایونٹ ہوگا جس سے ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، لیگ میںلاہور کے ہاکی اسٹار حصہ لیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مل کر ہاکی کو عروج پر لے جائیں گے ، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا کہ ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے لاہور ہاکی لیگ کرانے پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنا ن ارشد اولکھ کے شکرگزار ہیں، لاہور ہاکی لیگ سے نوجوان ہاکی کی طرف آئیں گے اور ان کے کھیل میں بہتری آئے گی، لاہور ہاکی لیگ میں بڑی کمپنیوں اور اداروں کی دلچسپی خوش آئند ہے جس سے ہاکی کو فروغ ملے گا۔قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ لاہور ہاکی لیگ ہاکی کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی، کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی،ہاکی کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا یہ بہترین موقع ہے۔لیگ سے معتلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کرتے ہویے ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ لاہور ہاکی لیگ دسمبر میں پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مل کر کرائیں گے جس میں لاہور کے 9 ٹائونز کی 9 ٹیمیں حصہ لیں گی، ان میں راوی ٹاؤن ، شالیمارٹاؤن ، واہگہ ٹاؤن ، عزیربھٹی ٹاؤن ، گلبرگ ٹاؤن، داتاگنج بخش ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن ، علامہ اقبال ٹاؤن اور نشترٹاؤن شامل ہیں، لاہور ہاکی لیگ میں 3 پول ہوں گے، ٹیموں کی نیلامی ہوگی، بڑی کمپنیاں اور ادارے نیلامی میں حصہ لیں گے، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اس حوالے سے 3رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید، ڈائریکٹر اسپورٹس محمد حفیظ بھٹی اورڈویژنل اسپورٹس آفیسر لاہور ندیم قیصر شامل ہیں،کمیٹی لیگ کے پول بنائے گی اور ٹیموں کا انتخاب کرے گی۔