سکھر ،کورونا کے باعث ہیلپنگ سینٹرقائم ،شہریوں کو مفت اشیا کی فراہمی

124

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) سندھ کے صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، ڈاکٹر غیاث الشان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلی لہر سے زیادہ شدید ہوگی، اگر وائرس نے شدت اختیار کی تو ہمارا صحت کا نظام بیٹھ سکتا ہے، عوام وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں، جس کا خمیازہ آنیوالے دنوں میں انتہائی خطرناک شکل میں سامنے آسکتا ہے، کورونا وائرس کی ممکنہ دوسری لہر کے پیش نظر پیما کی جانب سے انتظامات کیے گئے ہیں، سکھر میں ایک ہیلپنگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں پر 18 سے زائد ضروری چیزیں عوام کو بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ، ندیم الدین، مجید میمن، خاور عبید ودیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عزیز میمن، ڈاکٹر غیاث الشان و دیگر نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ 24 گھنٹے میں اوسطاً ایک ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں، عوامی سطح پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، دینی و سیاسی اجتماعات بھی ہورہے ہیں۔ طبی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کی بڑی تعداد بھی کورونا سے متاثر ہورہی ہے۔ پیما اس صورتحال کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور عوام بھی اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ممکنہ دوسری لہر کے پیش نظر پیما کی جانب سے انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکھر میں ایک ہیلپنگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر 18 سے زائد ضروری چیزیں عوام کو بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔ خیرپور، شکارپور، کندھکوٹ کے اضلاع میں بھی پیما کے زیر اہتمام یہ چیزیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ماسک، گیس سلنڈر، بلڈ پریشر، گلوکو میٹر، نیبولائزر، وہیل چیئر، کموڈ چیئر، واکر سمیت دیگر ایسی چیزیں جو کہ عام آدمی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا وہ انہیں بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔ متوقع چیلنجز سے نمٹنے کے لیے لاڑکانہ، شہدادپور، رتو ڈیرو، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، کندھکوٹ سمیت سندھ بھر میں پیما کے 50 ڈاکٹرز اور ان کے 500 سے زائد معاونین حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ پیما نے طبی عملے کو بھی ماسک، حفاظتی کٹس فراہم کی ہیں۔ حکومت کی جانب سے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کو جو چیزیں دینی چاہیے تھیں وہ پیما نے دی ہیں تاکہ یہ لوگ کورونا سے خود کو بچاکر مریضوں کا بہتر علاج و معالجہ کرسکیں۔ ہم حکومت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی و پالیسی اختیار کرے۔ ماسک کو ہر فرد کے لیے لازمی قرار دیا جائے۔ ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ مارکیٹوں، بازاروں کے اوقات کار کم سے کم کیے جائیں۔ پبلک مقامات، تعلیمی اداروں، مساجد میں ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹرز و طبی عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں، کورونا میں خدمات انجام دینے والے عملے کو اضافی مراعات دی جائیں، عوام اپنی نقل و حمل کو انتہائی محدود رکھیں، سیاسی و دینی جماعتیں کورونا کے پھیلائو کے پیش نظر اپنے اجتماعات کو منسوخ کریں۔