پی ایس ایل فائیو کیلیے میدان سج گیا

164

پاکستان سپر لیگ فائیو کے کوالیفائر میچز کے لیے میدان سج گیا، سیکییورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے.

پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کے پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز ہورہا ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج 2 میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان دوپہر 3 بجے جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندر کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا.

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 4 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کا فائنل 17نومبر کو کھیلا جائے گا.

ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کیلیے سیکورٹی پلان مرتب

پی ایس ایل 5 میں شرکت کے لیے پہنچنے والے ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے کراچی پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم اور شہر کے ریڈ زون میں واقع ہوٹلوں اور ٹیموں کی آمدورفت کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری ٹیموں اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لیے موجود رہے گی۔ اس سلسلے میں کراچی پولیس کے 24 سینئر افسران سمیت 59ڈی ایس پیز، 474این جی اوز، 4275 ہیڈ کانسٹیبلز، کانسٹیبلزاور پولیس کی ریپڈ ریسپونس فورس کے 345جوان متعین کیے گئے ہیں۔

اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے سربراہ ڈی آئی جی مقصود میمن کے مطابق ایس ایس یو 1018 کمانڈوز سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ہوٹلوں پر اسپیشل برانچ کے سادہ لباس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ممکنہ غیرمعمولی صورتحال اور حالات و واقعات سے نمٹنے کے لیے اسپیشل سکیورٹی یونٹ کی ایس ڈبلیو اے ٹی سواٹ ٹیمیں بھی ہمہ وقت فوری رسپانس کے لیے تیار رہیں گی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں فوج نے کنٹرول سنبھال لیا

پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ہیں اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو فوج نے کنٹرول میں لے لیا، گزشتہ روز دوپہر بعد نماز جمعہ ہائی کمان کی ہدایت پر کراچی میں موجود فوجی جوانوں کی پلاٹون نے اپنی اپنی پوزیشنز سنبھال لیں جو 17 نومبر فائنل کے اختتام تک معمور رہیں گی۔ پارکنگ ایریا میں کیمپ بھی لگادیا گیا ہے جس میں حساس قسم کے آلات بھی موجود ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔

پی ایس ایل فائیو کے دوران اسٹیڈیم میں خصوصی اسپتال قائم

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سندھ حکومت کے محکمہ صحت کے تحت خصوصی اسپتال قائم کر دیا گیا۔ پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز کے موقع پرنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سندھ حکومت کے محکمہ صحت کے تحت خصوصی اسپتال قائم کر دیا گیا ہے جبکہ کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز اور دیگر پھیلنے والی بیماریوں کے اثرات سے بچانے اور فوری علاج معالجے کے لیے اسپتال میں خصوصی طبی عملہ تعینات کیا گیا ہے، ڈاکٹر مظفر مہندی کی زیر نگرانی میڈیکل اسٹاف میں ڈاکٹر شاہد ، ڈاکٹر کامران اور کوآرڈینیٹر ڈینی جیسی بھی شامل ہیں۔

پریکٹس اورمیچز کے دوران کسی بھی قسم کی بیماری کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں یا آفیشل کو مذکورہ اسپتال میں فوری طبی امداد فراہم کی جائے گی، ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال بھی پہنچا نے کی سہولت ہے ، ڈاکٹر ظفر مہندی کے مطابق عملہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستعد رہے گا.