بھارتی فضائی حملوں کا خطرہ ہے، تحفظ کے لیے بنکرز بنانا ناگزیر ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

165

مظفرآباد(صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت پھر فضائی حملے کر سکتا ہے، ایل او سی پر شہریوں کو بھارتی جارحیت سے بچانے کے لیے 3 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے بنکرز فوج کی نگرانی میں بنوائے جارہے ہیں ، پاک فوج پر مکمل اعتماد ہے وہ آزاد کشمیر کے انچ انچ کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم امور پر بات ہوئی ہے ، حکومت پاکستان خارجہ سطح پر پیشگی اقدامات اٹھائے ، سیاسی قائدین اکٹھے ہوکر بھارت کو جواب دیں ،کنٹرول لائن پر بسنے والے عوام کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ بھارت گولہ باری کرکے عوام کو ایل او سی سے بھاگنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے تاکہ پاک فوج ایل او سی پر تنہا رہ جائے دوسرا یہ کہ وہ عوام میں افراتفری پھیلانا چاہتا ہے لیکن یہ ناپاک منصوبے ناکام ہونگے۔مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی کارروائیاں سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہیں ۔ بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ضلع نیلم میں 5 افراد شہید 28 زخمی ہوئے 14 مکانات مکمل اور 54 جزوی تباہ ہوئے 28 مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ کنٹرول لائن پر 6 لاکھ 10 ہزار شہری آباد ہیں جو براہ راست بھارتی فوج کی دہشت گردی کا شکار ہیں یکم جنوری سے اب تک 30 افراد بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید اور 288 زخمی ہوچکے ہیں 253 مکانات مکمل اور 810 جزوی تباہ ہوئے یہ سب عام شہری اور انکی املاک ہیں ۔ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے دلیر غیور لوگوں نے گھر بار چھوڑنے سے انکار کردیا ہے ۔ فاروق حیدر نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران اہم امور پر مشاورت ہوئی جس میں کنٹرول لائن کی سنگین صورتحال سمیت اہم امور زیر بحث رہے مگر یہ امانت ہے میرا منصب یہ تقاضا نہیں کرتا کہ میں اسے پبلک کروں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک جو بنکرز بنے ہیں ان پر 11 کروڑ 17 لاکھ خرچ ہوئے ہیں ، دشمن کے نشانوں اور نقصانات کا درست اندازہ فوج کوہی ہے اب یہ بنکرز فوج کی نگرانی میں بنوائے جارہے ہیں اتنی زیادہ تعداد میں بنکرز ایک سال میں نہیں بن سکتے تھے تاہم اب اسے جس قدر ممکن ہو جلدی بنوائیں گے۔