لاہور/اسلام آباد (نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی والدہ انتقال کرگئیں۔ مرحومہ کچھ عرصے سے علیل تھیں اور پشاور اسپتال میں زیر علاج تھیں۔مرحومہ کی نماز جنازہ آج 11بجے دن ثمر باغ میں ادا کی جائے گی۔سینیٹر سراج الحق نے لاہور اور دیگر شہروں کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر وہ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ثمر باغ تشریف نہ لائیں۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت چند دنوں میں منصورہ پہنچیں گے اور وہیں پر اجتماعی دعا ہوگی ۔ دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ، چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی،وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا،سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا محمد ظفر الحق،جماعت اسلامی کے رہنمائوں ،ملک بھر سے سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تعزیت کے لیے سینیٹر سراج الحق کو فون بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند کرے اورغم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔