اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مخالفین کے لیے گھٹیا زبان کا استعمال ن لیگ کا وتیرہ ہے۔عوام کو حکومتی اقدامات کے ْجلد ثمرات ملیں گے، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے جارہی ہے،عام استعمال کے ا شیاکی قیمتوں میں کمی کے اقدامات جاری ہیں،اپوزیشن کی تقاریرسے لگتاہے کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دیں گے، یہ اقتدارکی ہوس میں مبتلا ہیں ، ان کی سوچ جمہوری نہیں ہے،جس ادارے پر نواز شریف نے تنقید کی اسی سے مدد مانگی جارہی ہے، ایسے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ جمہوریت پسند نہیں، جمہوریت پسند لوگ منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کیسے کرسکتے ہیں؟، مریم نواز اور بلاول زرداری کو پارٹی وراثت میں ملی، ہمارے لیڈر نے صفر سے جدوجہد شروع کی اور آج ملک کے مقبول ترین وزیراعظم ہیں۔ ہفتہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ گلگت کی عوام نے جو عمران خان سے محبت کا اظہار کیا ہے ،اس سے یہ بات واضح ہے کہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت سے جیتے گی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر اپوزیشن چاہتی ہے تو ہم الیکشن سینٹر میں کیمرے لگانے کے لیے بھی تیار ہیں کیونکہ تحریک انصاف شفافیت پر یقین رکھتی ہے ۔ الیکشن وہ ٹھیک ہوتے ہیں جس میں وہ جیتے ۔ ججز وہ ٹھیک ہوتے ہیں جو ان کے حق میں فیصلہ دیں ۔ پسند کے نتائج حاصل کرنا ان کا بنیاد ی ستون رہا ہے ۔اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی یہ چاہتے کیا ہیں ۔ (ن) لیڈر کی لیڈر شپ کے سوات اور دیگر جلسوں میں متضاد بیان دیکھیں جن کا نہ کوئی سر ہے اور نہ کوئی پیر ۔ ان کی خواہش ہے کہ منتخب حکومت کو گھر بھیج دیا جائے یہ اس ادارے کے سربراہ سے مدد مانگ رہے ہیں جن کو ان کے والد نے ہدف تنقید بنایا ہوا ہے ۔ان کی متضاد سوچ ، متضاد باتوں سے عیاں ہے کہ یہ نہ لوگ جمہوریت پسند ہیں اور نہ ہی ان کا رویہ جمہوری ہے یہ اقتدار کی ہوس میں اپنے کاروبار کو دوام دینے اور عوام کے مسائل کو لوٹنے پر کارفرما ہیں ۔ایک پارٹی نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے وہ ایک منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے ایک غیر جمہوری طریقہ اختیار کرنے اور غیر جمہوری طریقے سے حکو مت کو ہٹانے کے مطالبے پر ان کو شرم آنی چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گھٹیا گفتگو کا آغاز مسلم لیگ ن کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے بے نظیر بھٹو، جمائما اور پھر خاتون اول کے بارے میں گھٹیا گفتگو کی، سیاسی مخالفین کیخلاف گھٹیا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وتیرہ ہے، ہم نے ہمیشہ نوازشریف کی اہلیہ کا عزت و احترام کیا، (ن) لیگ ہمیشہ نازیبا الفاظ اور ذاتی حملے کرتی ہے۔