حکومت بوکھلاہٹ میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہی ہے، بلاول

33

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اعلامیے پر ہم سب ایک پیج پر ہیں‘ ہر جماعت کا اپنا اپنا نظریہ ہے ‘ہمارا کوئی اختلاف نہیں‘ نواز شریف کی تقریر سے اسٹیج پر سب لوگ حیران تھے‘ کراچی جلسے میں نواز شریف کی تقریر میں میری یا پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں تھی‘ آخری وقت تک مریم نواز کو کہا کہ نواز شریف کو تقریر کروا دیں۔ ہفتے کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت ہو ‘ ہمارے مخالفین نے تو پروپیگنڈا ہی کرنا ہے‘ وہ تو ہمارے کارکنوں کو بھی غدار کہہ رہے ہیں‘ حکومت بوکھلاہٹ میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہی ہے لیکن وہ ہمارے موقف پر اعتراض نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ فوج، عدلیہ اور سب ادارے اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں‘ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے ہم سیاسی لوگ ہیں‘ ہم احتجاج کا جمہوری طریقہ ہی اختیار کرتے ہیں‘ استعفے اور دھرنا آخری آپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے پر کوئی اعترا ض نہیں‘ ان کی تقریر سے اسٹیج پر سب لوگ حیران تھے‘ وہ 3 دفعہ کے وزیراعظم رہے ہیں‘ وہ بہتر جانتے ہیں کہ کیا جانتے ہیں کہ کیا بولنا ہے‘ ہم اسٹیبلشمنٹ کی اداروں میں مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں‘ یہ پی پی پی کا منشور ہے اور چارٹرڈ آف ڈیموکریسی کا بھی حصہ ہے۔