گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات آج سخت سیکورٹی میں ہونگے

26

گلگت( مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان کی اسمبلی کی 24 میں سے 23 نشستوں پر آج بروز اتوار15نومبر کو انتخابات منعقد ہورہے ہیں جن کے بارے میں ملک کی
تینوں بڑی سیاسی جماعتیں وفاق میں برسراقتدار تحریک انصاف‘پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون اپنی اپنی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔ اس سلسلہ میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے ذریعے پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو ضروری سامان روانہ کر دیا ہے۔پاکستان کے چاروں صوبوں اور دارالحکومت اسلام آباد میں جولائی 2018 کے عام انتخابات کے برعکس گلگت بلتستان کی اسمبلی کے انتخابات میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔ انتخابات میں سیکورٹی کے فرائض پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار سر انجام دیں گے ،گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ ساڑھے سات لاکھ رائے دہندگان کے لیے 23 حلقوں میں 1161 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ان پولنگ اسٹیشنز میں 418 انتہائی حساس اور 311 حساس قرار دیے جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 368 پولنگ اسٹیشنز خواتین اور364 مردوں کے لیے مخصوص ہونگے جبکہ 428 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے ترجمان کے مطابق مشترکہ پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کے لیے پردے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان بتایا کہ انتخابات میں امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے 13 ہزار 481 اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ان میں گلگت بلتستان کے 4018 اہلکار شامل ہیں جبکہ دیگر اہلکاروں میں پنجاب پولیس کے تین ہزار، خیبر پختونخوا پولیس کے دو ہزار، سندھ پولیس کے 500 اور بلوچستان کے 200 اہلکار شامل ہیں۔فیض اللہ فراق نے بتایا کہ پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں میں رینجرز کے 1700، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 1100 اور گلگت بلتستان کے 965 اہلکار شامل ہیں انتخابات میں مجموعی طور پر 327 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 101 امیدواروں کے علاوہ 199 آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔