کورونا کی دوسری لہر: صحتیاب افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، ماہرین

184

پشاور: خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی ریسرچ ٹیم کا کہنا ہے کہ کورونا سے صحتیاب افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے.

تفصیلات کے مطابق کورونا سے متعلق پاکستان کی پہلی ریسرچ رپورٹ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین صحت نے کیس اسٹڈی کی بنیاد پر جاری کردی جس کے مطابق سردی میں کورونا کی دوسری لہر سے زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں.

ریسرچ رپورٹ کے مطابق دیگر ممالک میں دوسری بار کورونا زیادہ خطرناک ثابت ہورہا ہے یہاں بھی ہوسکتا ہے اس لیے فیس ماسک اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے.

خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے.

وائس چانسلر آف خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے مطابق 6 جون کو محکمہ صحت کے ملازم میں علامات ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، 4 ماہ اور 13 دن بعد دوبارہ اسی ملازم میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں، ٹیسٹ کرانے پردوبارہ کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تاہم اینٹی باڈیز بننے کے باوجود ملازم کورونا کا شکار ہوگئے.