ایٹمی جنگ خودکشی ہے، بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کوجانتا ہے، وزیرخارجہ

230

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایٹمی جنگ خودکشی ہے جبکہ بھارت پاکستان کی صلاحیتوں کوجانتا ہے.

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پڑوسی ملک بھارت کےعزائم کو سمجھنا بھی ہے اور ناکام بھی بنانا ہے، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، ایک ملک دہشت گردی کو ہوا دیتا ہے، دنیا کو ہندوستان کے اس پلان کا نوٹس لینا چاہیے، ایٹمی جنگ خودکشی ہے جبکہ ہندوستان پاکستان کی صلاحیتوں کوجانتا ہے.

انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کورونا قصہ پارینہ ہوگئی لیکن وہ نئی انگڑائی لے کر پھر آگئی ہے،ہم نے کورونا کو دوبارہ ہلکا لینا شروع کردیا ہے، کورونا کی دوسری لہر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، کورونا کے ہارٹ اسپاٹ 11 بڑے شہروں میں سے ملتان اور حیدرآباد فرسٹ اور سیکنڈ لیول پر ہیں.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت کنفیوژن کاشکار ہے اور اپوزیشن کی صفوں میں یکسوئی نہیں ہے، اپوزیشن کی خواہش ہے کہ ان کی حکومت بنے، اگر اپوزیشن کی خواہش پرچلتے تو 2018 میں ہماری حکومت ہی نہیں بنتی،اپوزیشن کو بھی کورونا کی لہر کے پیش نظر ذمے دارانہ رویہ اپنانا چاہیے، صورتحال پرغور کرنا چاہیے.

انہوں نے کہا کہ کسی کے لیے نہ این آر او کا ارادہ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا، ن لیگ کے اندربہت بڑاعنصراپنی قیادت کے بیانیہ سے متفق اور مطمئن نہیں اورانہیں احساس ہے کہ ہم بند گلی میں داخل ہوگئے ہیں.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت بھی بہتر ہے اور اخلاقیات کا تقاضا بھی ہے کہ وہ واپس آئیں، نوازشریف کی واپسی سے متعلق اسلام آباد میں برطانیہ کے ہائی کمشنر سے نشستیں ہوئی ہیں اور برطانیہ اورعدالتیں پاکستان کے موقف سے آگاہ ہیں جبکہ نوازشریف کی واپسی کے لیے برطانوی حکومت کو لکھ کردیا ہے.