دنیا بھارت کی ننگی جارحیت کی حقیقت جان چکی،شہر یار آفریدی

86

مظفرآباد(صباح نیوز) ننگی جارحیت کے ثبوت سامنے آنے پر بھارت کے بارے میں دنیا حقیقت جان چکی ہے، جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا کے امن و سلامتی کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ اس امر کا اظہار آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سربراہ شہریار آفریدی نے سی ایم ایچ مظفرآباد میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے لائن آف کنٹرول پر زخمی ہونے والوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی طرف سے شدید مزاحمت اور وہاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت آزاد کشمیر کے نہتے اور بے گناہ شہریوں کو اپنی ننگی جارحیت کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 5 لاکھ شہری دشمن کے گولوں اور بموں کا بہادری اور جرأت سے سامنا کر رہے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلاتے ہیں کہ افواج پاکستان ان کی جان و مال کی حفاظت سے غافل ہیں اور نہ ہی مشکل کی اس گھڑی میں حکومت آزاد کشمیر انہیں تنہا چھوڑے گی۔