اسلام آباد(اے پی پی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے قابل ٹیکس آمدن رکھنے والے افراد اورکمپنیوں کوٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے ایف بی آر سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ آمدن چھپاناممکن نہیں ہے اورایف بی آر کواس حوالے سے تمام معلومات حاصل ہیں۔ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ 8 دسمبر2020 ء مقررکی گئی ہے اور قابل ٹیکس آمدن رکھنے والے افراد اورکمپنیوں کوٹیکس ریٹرن فائل کرناچاہیے ۔ترجمان نے بتایا کہ 10 لاکھ ٹیکس فائلرزایسے ہیں قابل ٹیکس آمدنی نہ ہونے کادعویٰ کرتے ہیں تاہم ان کے آمدن کے واضح ثبوت موجود ہیں، 35 لاکھ این ٹی این ہولڈرز پرٹیکس ریٹرن فائل کرنا قانوناً لازم ہیں مگروہ ایسا نہیں کررہے، اسی طرح 74 لاکھ افراد ایسے ہیں جن کا ودہولڈنگ ٹیکس تو کٹ رہاہے مگرقانون کے مطابق وہ ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کررہے۔ترجمان نے کہاکہ ایک لاکھ رجسٹرڈ کمپنیوں میں سے 50 ہزارسے زائد قانون کے مطابق ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کررہی ،اسی طرح ایک لاکھ 5 ہزارایس ٹی آر این ہولڈربھی قانون کے مطابق ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کررہے۔ ترجمان نے کہاکہ یہ تمام افراد اورکمپنیاں ٹیکس نیٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے ایماندارٹیکس دہندگان پربوجھ کا سبب ہیں۔