الیکشن کمیشن پی ٹی آئی امیدواروں کو نااہل قرار دے، پیپلز پارٹی

35

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان انتخابات میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے امیدواروں کو نا اہل قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ انتخابات کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا اعلان دھاندلی کا واضح ثبوت ہے، وزرا کی گلگت بلتستان میں موجودگی انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزرا اور معاونین ووٹ خریدنے کیلیے بولیاں لگاتے رہے اور الیکشن کمیشن آنکھیں بند کر کے بیٹھا رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جن علاقوں میں منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے ان حلقوں کے حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو نااہل قرار دیا جائے۔ انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوششیں دھاندلی کے خدشات کو درست ثابت کر رہی ہے۔ دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے الزام عاید کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی شکایت اور نشاندہی پر کوئی کارروائی نہیں کر رہا۔ انتخابات میں وفاقی حکومت کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے۔