اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) اور آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی تاکہ اس خطے کے عوام کیلیے فلاحی پروگراموں کو جاری رکھے۔ اتوار کوایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے گلگت بلتستان کے ووٹنگ کے عمل میں سیاسی پختگی پر شمالی علاقوں کے عوام کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک اقتصادی راہداری کا ایک حب ہے۔ ان علاقوں کے لوگ ووٹنگ کے عمل میں مضبوط عزم اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کررہے ہیں تاکہ وہ سی پیک کے ذریعے ترقی اور خوشحالی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی لوگوں نے پچھلے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیے تھے لیکن اب گلگت بلتستان کے عوام اپنے مسائل کے حل کیلیے پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔