کرپشن مقدمات : ثبوت اکٹھا کرنے کیلیے خصوصی سیل قائم کردیے‘ جاوید اقبال

44

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئر مین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ انسداد بد عنوانی کا یہ ادارہ بدعنوان عناصر کو کٹہرے میں لانے کے لیے پر عزم ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کو فوری سزا دلانے کے لیے استغاثہ ڈویژن کو مستحکم کیا جارہا ہے تمام علاقائی بیوروز میں ثبوت اکٹھا کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم کیے گئے ہیں اورتجربہ کار قانونی ماہرین، اوراسپیشل پراسیکیوٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کے مؤثر اقدامات کی وجہ سے احتساب عدالتوں میں سزائوں کا تناسب پہلے ہی 68.8 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔دریں اثناء چیئرمین نیب نے بدعنوانی کے مقدمات کی بھرپور انداز میں پیروی پر عمل پیرا ہونے اور اپنی کارروائیوں اور استغاثہ ڈویژن کو مستحکم بنانے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس(آج) پیر کو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں شکایات کی تصدیق، انکوائریوں اور تفتیش کے عمل کو مؤثر بنانے کے علاوہ علاقائی بیوروز کی کارکردگی کی بہتری پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اور تمام بیوروز کے ڈائریکٹر جنرل صاحبان اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔