جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت خاتم النبیین ﷺ کانفرنس کا انعقاد

96

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے مختلف زونز کے تحت جماعت اسلامی زون لطیف آباد بی صادق پلازہ ، زون وسطی رکن جماعت اسلامی علیم الدین کی رہائشگاہ ، زون شمالی مسجد قباء ہیر آباد ، پریٹ آباد زون پھلیلی اور آفندی ٹائو ن زون میںخاتم النبین کانفرنس ؐکا انعقاد کیا گیا۔ معروف مذہبی اسکالر مولانا ثناء اللہ رحمانی، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، نائب صدر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا ڈاکٹر شاہد رفیق، سابق امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید ، مجیب اللہ منصوری اور حافظ محمد طاہر قریشی نے خطا ب کیا ۔ معروف مذہبی اسکالر مولانا ثناء اللہ رحمانی نے خاتم النبیینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت نبی ؐکا ہر پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر گامزن ہو کر ہم دنیا اور آخرت کے دشوار راستوں سے سرخرو ہوکر گزر سکتے ہیں۔ حیات طیبہ ؐمیں دراصل ہمارے لیے سبق ہے۔حضرت محمد ﷺ تمام کائنات کے لیے رحمت اللعالمین ہیں جنہوں نے امت کوہمیشہ محبت کا درس دیا ۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ مسلمانوں کے لیے رہتی دنیا تک کامیابی کا زینہ اور مشعل راہ ہے۔ امت مسلمہ سیرتِ طیبہ سے سبق حاصل کرکے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں رسول کریمؐ کے نافذ کردہ نظام کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔نائب صدر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا ڈاکٹر شاہد رفیق نے کہا کہ عالم اسلام کی کامیابی اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور حب رسولﷺ میں ہے۔ عالم اسلام کی کامیابی دم توڑتی ہوئی مغربی تہذیب کی تقلید میں نہیں بلکہ اطاعت رسول ؐاور حب رسول ؐ میں ہے۔ہم بحیثیت قوم سنت رسول ؐ پر عمل پیرا ہوکر تمام مسائل سے نجات پا سکتے ہیں۔اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم حیدر، قاری محمد افضل شاکر، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ظہیر الدین شیخ اور امراء زونز بھی موجود تھے۔