حکومت ایس ا و پیز پر عمل در آمد کروانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے

64

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 7ہزار 109ہوچکی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2ہزار 165 کورونا سے متاثرہ افراد میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں اس وقت تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3لاکھ54ہزار 461ہوچکی ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے ایس ا و پیز پر عمل در آمد کروانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیاکو جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 8ہزار 309افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ میں ایک لاکھ 53ہزار 873، کے پی کے میں 41ہزار723، بلوچستان میں 16ہزار328، گلگت بلتستان میں 4ہزار 434، اسلام آباد میں 23ہزار532جبکہ آزادکشمیر میں 5ہزار261 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کورونا کی دوسری لہر کے تناظر میں حکمرانوں کے تمام اقدامات محض زبانی کلامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ محض ڈنگ ٹپاؤ اور دکھاوے کے قدامات سے صورتحال میں بہتری نہیں آسکتی۔ حالات روز بروز ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ پہلے بھی کورونا کی وجہ سے لوگوں کو اربوں روپے کا بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ کاروبار تباہ اور منافع بخش ادارے بند ہوگئے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بروقت اقدامات سے حالات کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے مگر بد قسمتی سے حکمرانوں کے پاس وہ وژن نہیں جس سے عوام کو ریلیف مل سکے۔عوام کی مشکلا ت میں اضافہ ہوگیا ہے۔