کورونا کی دوسری لہر: تعلیمی اداروں کی بندش کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

189

بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا جس کی وجہ سے صوبے میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے.

بلوچستان میں 11 مزید طالبعلموں میں کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد صوبے بھر میں وائرس میں مبتلا طالبعلموں کی تعداد 900 کے قریب پہنچ گئی ہے.

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا کیسز کی شرح 8.6 فیصد رہی جو پاکستان کے کسی بھی حصے سے زیادہ ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے.

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق شہریوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کم کیا جس سے کیسز بڑھ رہے ہیں، 80 فیصد کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ دفتروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد پر سختی کردی ہے.

دوسری جانب بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے تاہم تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ بھی کیا جائے گا.