کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوسرے ایلیمنٹر میں لاہور قلندرز نے ڈیوڈ ویزے کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو 25 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، 183 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئےمیچ میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تینوں ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 اوورز میں 102 رنز بنائے۔ ایڈم لائتھ 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ذیشان اشرف نے 12 اور شان مسعود نے 27 رنز بنائے۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ جیسے ملتان سلطانز باآسانی یہ میچ جیت جائے گا تاہم ان تین بلے بازوں کے پویلین واپس لوٹنے پر لاہور قلندرز کے باؤلرز نے شاندار کم بیک کیا اور صرف 20 رنز پر اگلی چار وکٹیں گراکر میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ رائیلی روسو 18، روی بوپارہ 1، شاہد آفریدی صفر اورسہیل تنویر3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔نوجوان بیٹسمین خوشدل شاہ نے اختتامی اوورز میں 19 گیندوں پر 2چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تاہم تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ محمد الیاس 9 اور عمران طاہر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔لاہور قلندرز کے حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے تین تین جبکہ دلبر حسین اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شا ن مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز فخر زمان اور تمیم اقبال نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے لاہور قلندرز کو 46 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر قلندرز کے اگلےچارکھلاڑی صرف 65 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔ فخر زمان 46، تمیم اقبال 30، کپتان سہیل اختر 5، محمد حفیظ 19 اور بین ڈنک 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔111 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹنے پر ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ڈیوڈ ویزے نے 21 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
سمت پٹیل 16 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔محمد فیضان بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی نے 18 رنز کے عوض 2 جبکہ محمد الیاس، ایڈم لائتھ، جنید خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ عمران طاہر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ میچ میں شاندار آلراؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈیوڈ ویزے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔