بھارت: کھیت سے مغلیہ دور کے سکے برآمد

213

اترپردیش کے شاملی ضلع کے کھیڈی خوشنم گاؤں میں کھیت سے مغلیہ دور کے سونے اور چاندی کے سکے دریافت ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کھیت میں رات کے وقت غیر قانونی طور پر کی جارہی کھدائی کے دوران خزانے کی دریافت ہوئی۔ اطلاع کے مطابق برآمد شدہ سکوں کا کُل وزن دو سے ڈھائی کلو ہے۔

ماہرین کے مطابق دریافت شدہ سکے مغل دور کے ہیں جو کسی وقت یہاں دفن کیے گئے ہونگے۔ دوسری جانب صدیوں پرانے سکوں کی اطلاع پر پولیس اور محکمہ ریونیو کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ لوگوں سے پوچھ گچھ کے دوران کھیت کے مالک اور دیگر لوگوں نے سکے حاصل کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔

خزانے کی تفتیش میں پولیس گھنٹوں تک مقامی لوگوں سے پوچھ تاچھ کرتی رہی تاہم ناکامی کے بعد پولیس وہاں سے چلی گئی جس کے بعد لوگوں نے مزید خزانے کی امید پر دوبارہ کھودائی کا کام شروع کردیا۔