جی بی نے نوازشریف بیانیے کو کوڑے میں پھینک دیا ، شبلی فراز

62

اسلام آباد (اے پی پی+مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا گلگت بلتستان کے الیکشن سے متعلق کہنا ہے کہ جی بی کے عوام جمہوری ذہن رکھتے ہیں، جی بی کے عوام نے نوازشریف اورپی ڈی ایم کے بیانیے کو کوڑے میں پھینک دیا ہے۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے روشن مستقبل کو ووٹ دیا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو جی بی میں موقع ملا تھا، لیکن توجہ نہ دی، الیکشن سے پہلے ہی ان لوگوں نے دھاندلی کا منترا پڑھنا شروع کر دیا تھا، گلگت بلتستان کے عوام اور جیتنے والے نمائندگان نے جمہوری عمل میں حصہ لیا، اس دفعہ ہارنے والے پچھلے ایک ماہ سے لوگوں کے اعصاب پر سوار تھے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کہتی تھی کہ موجودہ الیکشن ریفرنڈم ہوگا، جی بی میں الیکشن صاف شفاف تھا، جو کہتاہے دھاندلی ہوئی ہے تو ہمیں تو 14، 15 سیٹیں ملنی چاہییں تھیں، جی بی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو شکست بھی ہوئی ہے۔شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اسلام کے صحیح سفیر کے طور پر دنیا کے سامنے پیش ہوئے، کوئی بھی جمہوری حکومت ایسے اجتماع کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتی۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ فیض آباد دھرنے والوں سے مذاکرات کر رہے ہیں، وزارت داخلہ اعلامیہ جاری کرے گی جس میں عوامی مسائل کا حل پیش کیا جائے گا۔