اسلام آباد+لاہور(نمائندگان جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے ٹیلی فون کر کے ان سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیاہے ۔ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آفتاب احمد خان شیر پائو ، مولانا احمد لدھیانوی ، جے یو آئی کے مولانا حمید الحق ، میاں رضا ربانی ، علامہ زبیر احمد ظہیر اور سندھ کے سابق گورنر عشرت العباد نے بھی سینیٹر سراج الحق کو ٹیلی فون کیا اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان ،متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ اور امیر حزب المجاہدین سید صلاح الدین ،جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی، سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان، نائب امرا نورالباری،شیخ عقیل الرحمن،مشتاق ایڈووکیٹ، راجا جہانگیر خان،ارشد ندیم ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل راجا فاضل تبسم سمیت ملک بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے امیر جماعت اسلامی سے ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار مرحومہ کے لیے مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے، نیز ثمر باغ میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی ۔