اسلام آباد(آن لائن)عدالت عظمیٰ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیلوں پر سماعت مرکزی وکیل منیر اے ملک کی عدم دستیابی کے سبب 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔نظر ثانی اپیلوں پرسماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں6 رکنی لارجر بینچ نے کی ۔عدالتی نوٹسز پر حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن پیش ہوئے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی درخواست گزار کی حیثیت میں حاضر ہوئیں۔منیر اے ملک کی جگہ وکیل رشید رضوی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ منیر اے ملک کے نائب وکیل میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے،منیر اے ملک نے اس سبب خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور عدالت سے 4 ہفتے کا التوا مانگا ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ نے بینچ کو بتایا کہ اس معاملے پر فل کورٹ تشکیل دینے کے لیے درخواست دے رکھی ہے،معاملے میں فریق نہ ہونے کے باوجود میرا نام بار بارلیا گیا۔جسٹس عمر عطا بندیال نے اس موقع پر مسز سرینا عیسیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں آپ کو بعد میں سنیں گے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے وکیل حامد خان صاحب کو کہا کہ آپ 4 فریقین کی نمائندگی کر رہے ہیں،آپ نے اپنی درخواستوں میں اضافی گراونڈز شامل کیے ہیں،عدالت آپ کی اور بیگم صاحبہ کی درخواستوں پر بعد میں سماعت کرے گی، عدالت کیس میں مرکزی وکیل منیر اے ملک کا انتظار کرے گی،فریقین اضافی معروضات جمع کرا سکتے ہیں،ہم تمام افراد کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں ۔عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر بلال منٹو کی درخواست الگ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔