پی آئی اے کے3500ملازمین کی جبری ریٹائرمنٹ کی منظوری

80

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ائرلائنز پی آئی اے کے ساڑھے 3 ہزار ملازمین کی جبری ریٹائرمنٹ کی منظوری دے دی۔اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔جس میں شرکا کو بتایا گیا کہ پی آئی اے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کو رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کا نام دیا جائے گا۔ اس اسکیم کے لیے 12 ارب 87 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ساڑھے 3ہزار ملازمین کو فارغ کرنے سے پی آئی اے کو سالانہ 4 ارب روپے کی بچت ہوگی جب کہ فیصلے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاک فوج کے اسپیشل سیکورٹی ڈویژن نارتھ اور پاک ایران سرحد پرباڑ لگانے کے لیے بھی گرانٹس جاری کرنے کی منظوری دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسمارٹ کارڈ کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔علاوہ ازیں ای سی سی نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے لیے 53 ملین روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی ، یہ فنڈز وزیراعظم آفس میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت بروئے کارلائے جائیں گے۔