گلگت بلتستان :مکمل نتائج موصول ،پی ٹی آئی نے میدان مارلیا

164

گلگت (اے پی پی) گلگت بلتستان کے انتخابات میں تمام 23 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں جن کے مطابق تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیاہے۔ 10 نشستوں پر تحریک انصاف کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کو 3، مسلم لیگ (ن) کو 2اور ایم ڈبلیو ایم کو ایک نشست ملی جبکہ 7 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ نتائج آنے پر گلگت کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی گئی اور متوقع فتح یاب امیدواروں کے کارکنوں نے جشن منایا۔ جی بی اے 7 سکردو سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سید مہدی علی شاہ کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجا محمد زکریا نے شکست دی۔جی بی اے 2 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ خان نے میدان مار لیا، پی پی پی کے جمیل احمد دوسرے اور اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن تیسرے نمبر پر رہے۔ واضح رہے کہ جی بی 3 میں الیکشن 22 نومبر تک ملتوی ہوچکا ہے۔