ڈین جونز والد کی طرح تھے ،آج فائنل میچ ان کے نام کرینگے،عماد وسیم

77

کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ 5 ویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ ہم نے کوالیفائر میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی تاہم میچ کا اختتام بہتر نہ کرسکے، اسکواڈ میں تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، ہم فائنل میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ فائنل ڈین جونز کے لیے کھیلیں گے، وہ ہمارے ڈریسنگ روم میں ایک والد سی شخصیت تھے، ہم یہ ٹرافی جیت کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے اسکواڈ پر فائنل کا کوئی اضافی دبائو نہیں، ہمارے لیے یہ بالکل ایک نئے میچ کی طرح ہے، کوشش کریں گے کہ یہاں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنا ہمارے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، ہم 5سال سے اس دن کے لیے محنت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال لاہور قلندرز کی کارکردگی میںایک تسلسل ہے، ہم فائنل میں بھی شاندار کھیل پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے فینز نے مسلسل 5 سال ہمیں سپورٹ کیا اب ہم پی ایس ایل 5 کی ٹرافی اٹھا کر انہیں بہترین تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی۔ اس دوران 3 میچوں میں فتح حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے دونوں ٹیموں میں برابر ہونے والا ایک میچ سپر اوور پر بھی جیتا تھا۔ اس ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں جہاں لاہور میں لاہور قلندرزاور پھر کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کی تھی۔