امریکا خطے میں بھارت کا تسلط چاہتا ہے، شیریں مزاری

45

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ امریکا خطے میں بھارت کا تسلط چاہتا ہے لیکن پاکستان کے لیے یہ قابل قبول نہیں، پاکستان کو امریکا کے ساتھ اپنی پالیسیوں اور تعلقات پر نظرثانی کی ضرورت ہے، پاکستان چین کے ساتھ تعلقات سے پیچھے ہٹنے کے مطالبے پر امریکا کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری قائم نہیں رکھ سکتا ۔بھارت کی جانب سے جوہری ٹیکنالوجی کا تعاقب خطے کے لیے خطرناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو گلوبل اینڈ اسٹرٹیجک ا سٹیڈیز سینٹر اسلام آباد ( سی جی ایس ایس ) کے زیر اہتمام ابھرتے ہوئے ایشیا کے تناظر میں ایمرجنس آف ریجنل اسٹرکچر کے عنوان سے منعقدہ آن لائن بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سیشن کا مقصد سکیورٹی چیلجنز اور مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنا تھا جو کہ ایشیا میں ابھر کر سامنے آ رہے ہیں اور یہ کہ ایشیا کی ترقی کے لیے کیسے نیا علاقائی نظام سامنے لایا جا سکتا ہے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہمسائے میں تین جوہری ریاستیں موجود ہیں ۔ حکو مت پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ اپنی پالیسیوں اور تعلقات پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مسلسل جوہری ٹیکنالوجی کے پیچھے لگا ہے جو خطے کے لیے خطرناک ہے اور بھارت کی وجہ سے خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔