اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم نے نوجوانوں کے روزگار کیلیے نیشنل جاب پورٹل کے قیام کی منظوری دے دی، نیشنل جاب پورٹل سے نوجوانوں کو ملک بھر میں ملازمتوں کے مواقع میسر ہوں گے۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام سے متعلق بریفنگ دی، پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔ عثمان ڈار نے وزیراعظم کو نیشنل جاب پورٹل سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں ٹائیگر فورس کے حوالے سے بھی مختلف امور پر مشاورت کی گئی اور کورونا کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر ٹائیگر فورس کو دوبارہ ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔